جہلم: ضلعی انتظامیہ کی نا اہلی شہر سمیت ضلع بھر میں گرانفروشوں نے روزہ داروں کی چیخیں نکلوا دیں، پھل اور سبزیوں کے من مانے نرخ وصول کئے جا رہے ہیں، جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کیمطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم دلچسپی و ضلعی انتظامیہ کی نا اہلی کی بنا پر ماہ رمضان میں گرانفروشوں نے انت مچا رکھی ہے یکم رمضان کو گلے سڑے سیب و دیگر پھلوں اور سبزیوں کے منہ مانگے دام وصول کئے جاتے رہے دکاندار شہر سمیت ضلع بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کرنے کی بجائے من مرضی کے نرخ وصول کرتے رہے۔
اگر کوئی صارفین سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاء خوردونوش فروخت کرنے کا مطالبہ کرتا تو دکاندار گالی گلوچ اور لڑائی جھگڑے پر اتر آتے۔جس کی بنیادی وجہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج ہونا ہے ۔
صارفین نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو چیک کرنے اور گراں فروشوی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرنے اور بھاری جرمانے کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہر سمیت ضلع بھر میں لوٹ کار کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔