جہلم(چوہدری عابد محمود + دلنواز احمد) سرکاری سکول میں 10 سالہ طالبہ کی موت کا معاملہ، سی ای او ایجوکیشن جہلم نے پرنسپل ،ٹیچر سمیت سکیورٹی گارڈ کو معطل کر دیا، انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول مدرسہ البنات المرکز روڈ جہلم میں چوتھی جماعت کی طالبہ جنت زعفران جو کہ کلاس میں اچانک جان کی بازی ہار گئی تھی جس پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کوثر سلیم کو انکوائری کرنے اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
سی ای او ایجوکیشن کوثر سلیم نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول مدرسہ البنات المرکز روڈ کی پرنسپل، سکول ٹیچر اور سکیورٹی گارڈ کو معطل کر دیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی ای او کوثر سلیم فوری طور پر ہسپتال پہنچیں، بچی کے لواحقین سے ملیں۔ میڈیکل سپریٹنڈنٹ سے ملاقات کر کے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔
کوثر سلیم سی ای او ایجوکیشن جہلم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں بچی کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور شفاف طریقے سے انکوائری کرانے کے بعد جو بھی اس واقع میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جہلم کے شمالی محلہ میں واقع سرکاری سکول البنات میں چوتھی کلاس کی طالبہ جنت نے سکول میں کوئی چیز کھائی جس سے اس کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوگئی، قے آنا شروع ہوگئیں، طالبہ بے ہوش ہوگئی، ریسیکیو 1122 کے ذریعے سول ہسپتال جہلم پہنچایا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
یہ بھی معلو م ہوا ہے مذکورہ سکول میں ابتدائی طبعی امداد کو کوئی انتظام نہیں تھا۔