جہلم کے نواحی علاقہ پھلائیاں میں بچیوں کے سکول کی دو کنال زمین پر بااثر شخص نے قبضہ کر کے فروخت کر دی، گاؤں کی لڑکیاں دور دراز تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ، محکمہ تعلیم نے تیرہ سال گزرنے کے باوجود عمارت تعمیر نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے ساتھ واقع گاؤں پھلائیاں میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے سکول نہ ہونے پر چوہدری رحمت اس کے بھائیوں اور بھتیجوں نے 13 سال پہلے دو کنال زمین محکمہ ایجوکیشن کے نام ٹرانسفر کی تھی لیکن اتنے سال گزرنے کے باوجود محکمہ تعلیم نے عمارت تعمیر نہ کی تو گاوں کے ہی رہائشی بااثر افراد نے سکول کی دو کنال زمین پر قبضہ کرلیا ہے۔
گاوں کے رہائشیوں کے مطابق بااثر شخص نے سکول کی دو کنال زمین میں سے پندرہ مرلے زمین فروخت کر دی ہے، باقی پچیس مرلے زمین پر دیوار بنانا شروع کر رکھی ہے، گاؤں کی طرف سے محکمہ تعلیم کو بارہا مرتبہ سکول کی زمین پر ہونے والے قبضے کے بارے میں آگاہ کیا ہے لیکن محکمہ تعلیم خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
اہل علاقہ نے نگران وزیر اعلی پنجاب وزیر تعلیم پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔