جہلم: پی ڈی ایم کے 16 ماہ بھاری ثابت ہوئے، سابق حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ہرگھر میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے، بجلی گیس پٹرول کے نرخوں میں اضافے کے باعث بازار ویران اور گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں، سابق حکمران پاکستانی عوام کو بے یارو مدد گار چھوڑ کر اپنے آبائی ملک لندن منتقل ہوچکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار شہر کی سماجی تنظیموں کے عمائدین نے حالیہ مہنگائی کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم جو 13 سیاسی جماعتوں پر مشتمل تھی کے قائدین نے غریب عوام کا بھرکس نکال کے رکھ دیا ہے۔
سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر 90 روز کے اندر عام انتخابات ہوئے تو پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کی قیادت کو چھٹی کا پہاڑا یاد کروا دیں گئے۔
شہری تنظیموں کے قائدین کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے 16 ماہ میں جو ظلم وجبرعوام پر کئے ہیں ،اب حساب چکانے کا وقت قریب آ رہا ہے، تاجروں کا کاروبار ٹھپ ہو چکا ہے، محنت کش مزدور مہنگائی کی وجہ سے تعمیراتی کام بند ہونے کی وجہ سے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی اداروں نے مہنگائی کی وجہ سے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا ہے، حکمران مال بناؤ ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے دیہاڑیاں لگا کر بیرون ملک منتقل ہو چکے ہیں، مہنگائی کے خاتمے کے نعرے لگا کر اقتدار حاصل کرنے والے حکمرانوں نے مہنگائی کے پہاڑ ڈھائے جس کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں سابق حکمرانوں کو نفرت کا سامنا کرنا پڑے گا۔