جہلم: شہر میں نشہ کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ، چوک چوراہوں گلی محلوں سمیت پبلک مقامات پر درجنوں نشئیوں کے گروہ شہر میں قائم پر امن ماحول تباہ کرنے میں مصروف، گلی اور محلوں میں نشہ کر کے لوگوں کو غلیظ گالیاں نکالنے اور عزت نفس مجروح کرنے کے واقعات بڑھنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی مسلسل چشم پوشی اور منشیات کی خرید و فروخت کرنے والے بڑے ڈیلروں کیخلاف کارروائیاں نہ ہونے سے شہر سمیت ضلع بھر میں منشیات کا مکروہ دھندہ عروج پکڑتا جا رہا ہے۔ ضلع کی چاروںتحصیلوں میں نشہ کرنے والے افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں بھی نشہ کی لت پڑ چکی ہے، سگریٹ نوشی سے اب آئس کا نشہ تعلیمی اداروں تک پہنچ چکا ہے۔
علاوہ ازیں شہر میں منشیات کا استعمال گزشتہ سالوں کی نسبت کئی گناہ بڑھ چکا ہے۔ منشیات کی خرید و فروخت کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہونے سے پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے، پولیس افسران کی خوشنودی حاصل کرنے کی غرض سے صرف منشیات پینے والے نشئیوں کو پکڑ کر اپنی کار کردگی دکھا دیتی ہے جبکہ تھوک و پرچون پر منشیات فروخت کرنے والے بااثر افراد کے ساتھ مک مکا کی وجہ سے کارروائیاں کرنے سے گریزاں ہے۔
شہریوں نے آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔