پنڈدادنخان: چوہدری خالد جٹ نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کو ہر دور میں نظر انداز کرنا یہاں کے وٹرز کی توہین ہے، کسی بھی سیاسی جماعت نے پنڈدادنخان کے بنیادی مسا ئل حل کرنے پر غور نہیں کیا، بہت سے گاؤں ایسے ہیں جہاں آج کے دور میں بھی بجلی پانی اور صحت کی سہولیات کا فقدان ہے، پنڈدادنخان کے عوام باشعور ہو چکے ہیں، آمدہ الیکشن میں اپنے لیڈر کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں گے۔
تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ اعظم پور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت رئیس اعظم چوہدری خالد جٹ نے تحصیل پریس کلب (ر) پنڈدادنخان کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے متعدد گاؤں ایسے ہیں جہاں آج کے ترقی یافتہ دور میں لوگ پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں انسان اور جانور ایک ہی جگہ سے پانی پیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر دور میں تحصیل پنڈدادنخان کو نظر انداز کیا جاتا ہے الیکشن سے قبل عوام سے بڑے بڑے دعوے کرنے والے رہنما عوام کے جذبات مجروح کرتے ہیں یونین کونسل کندوال کے گاوں کاہنہ ،کدھی کے رہنے والے لوگ آج بھی جوہڑوں سے پانی پینے پر مجبور ہیں۔
چوہدری خالد جٹ نے کہا کہ ہماری تحصیل کے عوام نے وفاقی وزارت کا دور بھی دیکھا اور بہت امیدیں لگائیں کہ شاید اب ہمیں پینے کے صاف پانی ،اچھی تعلیم اور صحت سے متعلقہ سہولیات ملیں گی لیکن ایسا نہیں ہوا کوئی بھی سیاسی جماعت آتی ہے وہ صرف تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کا حصول ہمارے لوگوں کا حق ہے اور یہ حق ہم آمدہ الیکشن میں لے کے رہیں گے بے بسی کی انتہا یہ ہے کہ پوری تحصیل میں سرجن ڈاکٹر تک نہیں یہاں کے لوگوں کو اچھی طبی سہولیات کے لیے دوسرے اضلاع میں جانا پڑتا ہے، پاکستان تحریک انصاف ہو یا مسلم لیگ ن ان کے اپنے امیدوراوں کے علاقے بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بار تحصیل پنڈدادنخان کا لیڈر وہی ہوگا جو سیاسی دعوؤں سے ہٹ کا حقیقی معنوں میں عوام کے مسائل حل کرے گا ہمارے وٹرز باشعور ہیں آمدہ الیکشن میں اپنے لیڈر کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں گے۔