جہلم: میدان سیاست میں عمران خان کا بیانیہ سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ حکومتی اتحاد آگے ہے اور عمران خان کا بیانیہ ہر جگہ ان کا تعاقب کر رہا ہے۔ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے آئی ایم ایف کی شرائط ماننے کے لیے 32 کروڑ عوام کو دیوار کے ساتھ لگانے کی تیاریاں کی جاچکی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد نے نواحی گاؤں میں عو امی رابطہ مہم کے دوران مختلف افراد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت الیکشن سے بھاگنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے ،2 ججز کو فل بینچ سے نکالنے کی بات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
چوہدری غلام احمد زمرد کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے ان کے عزائم کی تکمیل میں رکاوٹ بن رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بالآخر حکومت کو آئین کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑیں گے، انشاءاللہ آئینی مدت کے اندر الیکشن منعقد ہوں گے اور کامیابی پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے قدم چومے گی۔