پنڈدادنخان: اڑھائی سالہ بندش کے بعد چلائی جانے والی ملکوال تا پنڈدادنخان پسنجر ٹرین کی ٹائمنگ ریلوے کی آمدن میں کمی کے علاوہ مسافروں کیلئے بھی درد سر بن گئی، شہریوں کی طرف سے پہلا ٹائم صبح 8 بجے کرنے کا مطالبہ، چیک کرتے ہیں اگر ملکوال سے ٹائمنگ صبح 8 بجے کرنے سے آمدن بہتر ہے تو ٹائم فوری تبدیل کریں گے۔ ڈویژنل سپرٹینڈنٹ ریلوے انعام اللہ خان کا موقف۔
تفصیلات کے مطابق کرونا کے دوران بند کی گئی پنڈدادنخان تا ملکوال ٹرین اڑھائی سال بعد ایک ماہ قبل بحال کی گئی جس کا پہلا ٹائم صبح ملکوال سے 8 بجے رکھا گیا جو کامیاب رہا اور ذرائع کے مطابق آمدن بھی بہترین تھی لیکن دس دن بعد ریلوے حکام نے ٹرین کا ٹائم 8 بجے سے 9 بجے کر دیا جس سے ایک طرف تو آمدن کم ہو گئی۔
دوسری طرف پنڈدادنخان سے واپس ملکوال جانے پر مسافر سرگودہا سے لالہ موسیٰ جانے والی ٹرین بھی نہیں پکڑ سکتے، اس صورت حال سے پنڈدادنخان، کھیوڑہ، ہرن پور، دھریالہ جالپ اور دیگر علاقوں سے ملکوال کے راستے منڈی بہاؤالدین، ڈنگہ، لالہ موسیٰ جانے والے مسافر ذہنی کوفت کا شکار ہیں کیونکہ جب ٹرین پنڈدادنخان سے واپسی ملکوال ساڑھے دس بجے پہنچتی ہے تو اس سے 30 منٹ پہلے لالہ موسیٰ جانے والی دھماکہ ایکسپریس 10 بجے جا چکی ہوتی ہے۔
اس حوالہ سے ڈی ایس ریلوے راولپنڈی انعام اللہ خان سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ میں ٹرین کی آمدن کل ہی چیک کرواتا ہوں اگر ملکوال سے صبح 8 بجے روانگی پر آمدن بہتر ہے تو فوری طور پر ٹائم تبدیل کر دیں گے۔