جہلم میں معمولی تلخ کلامی پر 18 سالہ نوجوان کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کالا گجراں کی حدود میں 4 روز قبل 18 سالہ نوجوان اللہ دتہ نے محلے کے نوجوانوں کو لڑائی جھگڑ ا کرنے سے منع کیا جس کی رنجش پر ملزم وہاب نے چھری کے وار کر کے نوجوان کو ابدی نیند سلا دیا اور موقع سے ملزم فرار ہو گیا۔
ایس ایچ او کالا گجراں چوہدری محمد افضل اور ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے 18 سالہ اللہ دتہ کو قتل کرنے والے ملزم وہاب کو گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا، سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔