جہلم: الیکشن کمیشن آف پاکستان عوام الناس اور انتخابات میں حصہ لینے والے خواہشمند امیدواروں کو آگاہ کرتا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017ء کے سیکشن 39 کے تحت انتخابات کے شیڈول کے جاری ہوتے ہی انتخابی فہرستوں کو منجمد کر دیا جائے گا جس کے بعد ووٹ کے اندراج، منتقلی ودرستگی کا عمل الیکشن کے انعقاد تک روک دیا جائے گا۔
الیکشن کمشنر جہلم نے بتایا کہ عوام الناس اور رائے دہندگان کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے شیڈول جاری ہونے سے پہلے انتخابی فہرستوں میں ووٹ کا اندراج ومنتقلی، حذف اور درستگی کوائف کروالیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام الناس سے اپیل ہے کہ اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کے لیے 8300 پر شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کریں اور ووٹ اندراج و منتقلی کے لیے فارم نمبر21، کسی ووٹ پر اعتراض حذف کے لئے فارم نمبر 22 اور درستگی کوائف کے لیے فارم نمبر 23 متعلقہ دفتر ضلعی الیکشن کمشنر میں جمع کروایا جاسکتا ہے۔
الیکشن کمشنر جہلم نے کہا کہ مزید معلومات اور فارم الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ یا متعلقہ دفتر ضلعی الیکشن کمشنر سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔