دینہ میں بڑھتی ہوئی وارداتیں رک نہ سکیں، 2 مختلف وارداتوں میں نامعلوم 2 مسلح موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے واپڈا دینہ کے لائن سپرٹینڈنٹ سمیت 2 افراد سے 2 موٹرسائیکل، ایک لاکھ کی نقدی اور3عدد موبائل فون چھین کر فرار، دینہ میں آئے روز وارداتوں کے باعث عوام پریشان ، ڈی پی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔
تفصیلات کے مطابق دینہ میں گزشتہ رات 2 نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے محکمہ واپڈا دینہ کے لائن سپرٹینڈنٹ محمد رضوان ولد جاوید اختر اپنی ڈیوٹی ختم کر کے گھر واپس جا رہا تھا کہ چوہان سٹریٹ پہنچا تو اچانک 2 مسلح موٹرسائیکل سوار ڈاکو سامنے آ گئے اور جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے جیب میں پڑی رقم 80 ہزار نقدی اور موبائل فون اور موٹرسائیکل نمبری GTM-8380 چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسری واردات میں نور محلہ دینہ کا رہائشی نوجوان محمد شاکر اپنی دوکان بند کر کے گھر واپس جا رہا تھا کہ سبز منڈی جی ٹی روڈ دینہ پر 2 مسلح ڈاکوؤں نے گھیر لیا اور جیب میں پڑی رقم 20 ہزار نقدی اور 2 عدد موبائل فون اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔
دینہ میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث تاجروں اور عوام میں شدید خوف و ہراس ، شہری حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی پی او جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔