منگلا/جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کا دریائے جہلم کنارے کا دورہ، منگلا سے اضافی پانی ریلیز ہونے کے بعد صورتحال کا مشاہدہ کیا، جہلم میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے منگلا ڈیم سے پانی چھوڑنے کے بعد دریا کی صورتحال کا ذاتی طور پر مشاہدہ کرنے کیلئے جہلم بند کے مقام کا دورہ کیا اور دریا میں پانی کی روانی اور مقدار بارے مقامی افسران سے معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ منگلا ڈیم میں پانی کی گنجائش تقریباً مکمل ہوچکی ہے، اس حوالے سے جتنا مزید پانی ڈیم میں آ رہا ہے اتنا ہی دریا میں چھوڑا جا رہا ہے اس لئے دریائے جہلم میں فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چوبیس گھنٹے ڈیم کی صورتحال کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔