پنڈدادنخان میں نامعلوم افراد نے نوجوان کو گولی مار کر قتل کر دیا، فیکٹری موڑ دھریالہ جالب کے قریب سے نوجوان کی نعش برآمد، ڈی پی او جہلم موقع کا نوٹس، کرائم سین کا دورہ، پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے۔
تفصیلات کے مطابق رضوان عباس نامی نوجوان جو کہ گزشتہ روز غریبوال فیکٹری کے قریب سے لاپتہ تھا کی نعش آج برآمد ہوئی جس کو گولی مار کر قتل کیا گیا، واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، اطلاعات کے مقتول کو گزشتہ کچھ عرصے قبل ہونے والے قتل کے شبہ میں ملوث ہونے پر قتل کیا گیا۔
وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کرائم سین کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈی ایس پی پنڈ دادنخان، ایس ایچ او پنڈدادنخان اور ایس ایچ او جلالپور شریف موقع پر موجود تھے، پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات عمل میں لائی جائیں گی، واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔