جہلم: عالمی یوم خواندگی کے حوالے سے عوام الناس میں آگاہی اور تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جہلم کے زیر اہتمام ضلع مقامی ہال میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق تھے، اس کے علاوہ ضلع جہلم کی معروف سماجی، مذہبی، سیاسی، صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔
سیمینار کا مقصد ضلع بھر میں غیر رسمی تعلیم کے لیے حکومت کی کوششوں اور سو فیصد شرح خواندگی کے حصول کے لیے کیے جانے والے تمام تر ممکنہ اقدامات کو لوگوں تک پہنچانا تھا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ دور جدید کی ضروریات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے جدید تعلیمی سرگرمیوں کو اختیار کرنا ضروری ہے تاکہ اساتذہ اور طلبا کو جدید تعلیمی نظام سے متعارف ہونے اور اس پر عمل پیرا ہونے میں مدد مل سکے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی میمونہ انجم نے کہا کہ ضلع جہلم کا لٹریسی ریٹ پنجاب میں دوسرے نمبر پر ہے اور اس وقت ضلع جہلم میں 395 سکول لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کر رہے۔
پروگرام کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات اور لرنر کٹ تقسیم کیں، لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون سماجی شخصیات کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔