دینہ کا رہائشی پاک فوج کا صوبیدار محمد معروف کینسر کی موذی بیماری سے لڑتے لڑتے جان کی بازی ہار گیا، مرحوم صوبیدار محمد معروف کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ٹھیکریاں دینہ میں سپرد خاک کر دیا گیا، شہید کی نماز جنازہ میں اسٹیشن کمانڈر جہلم سمیت دیگر پاک فوج کے افسران نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق دینہ کے علاقہ ٹھیکریاں کا رہائشی پاک فوج کے صوبیدار محمد معروف ولد فرمان علی کینسر کی موذی بیماری سے لڑتے اپنی جان کی بازی ہار گئے، عرصہ 4 ماہ سے راولپنڈی ہسپتال میں زیر علاج تھے، میت گھر پہنچنے پر علاقہ کی ہر آنکھ اشکبار تھی۔
صوبیدار محمد معروف عرصہ 30 سال سے پاک فوج میں اپنی خدمات سرانجام دے رہا تھا۔ مرحوم نے سوگواران میں 2 بیٹے اور 3 بیٹیاں چھوڑیں جبکہ صوبیدار محمد معروف کا بیٹا شہباز علی بھی عرصہ 3 سال سے پاک فوج میں بھرتی ہوا تھا اور باپ بیٹا مل کر ملک و قوم کی خدمت میں مصروف تھے۔
مرحوم صوبیدار محمد معرو ف کی نماز جنازہ آبائی قبرستان ٹھیکریاں دینہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے اسٹیشن کمانڈر جہلم و دیگر افسران سمیت علاقہ بھر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔