جہلم: مولانا ضیاء الرحمٰن مدنی ایک عظیم مصلح اور علمی خانوادے کے چشم و چراغ تھے، مولانا مرحوم کے قاتلوں کو گرفتار کرکے فی الفور قانونی کارروائی کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ ابی بکر اسلامیہ کراچی کے لیے مولانا مرحوم کی خدمات ایک سنہرا باب ہے۔ دینی حوالے سے حمیت اور غیرت رکھنے والے عالم دین تھے۔
انہوں نے کہا کہ طلبائے دین سے شفقت کے حوالے سے لوگ آپ کی مثالیں دیتے ہیں۔ بلامبالغہ آپ کی شخصیت جامعہ ابی بکر اسلامیہ کے لیے ایک قیمتی سرمایہ تھی، مذہبی حوالے سے درد دل رکھنے والے عالم دین کی ٹارگٹ کلنگ نہایت افسوسناک حادثہ ہے۔
حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ایک پرامن اور ملکی سلامتی پر یقین رکھنے والی جماعت ہے،ہماری امن پالیسی کا امتحان کیوں لیا جا رہا ہے؟ ہمارے علمائے کرام کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ ہم حکومت وقت اور متعلقہ اداروں سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ مولانا ضیاء الرحمٰن شہید کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف جلد از جلد سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ایسے ملک دشمن عناصر کے پس پردہ جو شرپسند عناصر ہیں، ان کو بھی بے نقاب کیا جائے۔ جید علمائے کرام جو کہ ملک و ملت کا ایک قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، ان کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔