جہلم: ریلوے انتظامیہ کی عدم توجہی، محکمہ ریلوے کے ذمہ داران کی سرپرستی میں لوگوں نے ریلوے کالونی ، کوارٹرز اجاڑ دیئے، اینٹیں، لوہے کے گارڈرز وغیرہ غائب، ریلوے پولیس خاموش تماشائی، ریلوے کالونی بھوت بنگلے کی منظر کشی کرنے لگی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کی عوام کو ریلوے کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے 1928 میں ریلوے اسٹیشن کی عمارت تعمیر کی گئی تھی جوکہ فنِ تعمیر کا نمونہ تھی مگر ریلوے انتظامیہ کی عدم توجہی اور مبینہ غفلت کی وجہ سے ریلوے کالونی کے کوارٹرز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔
رات کی تاریکی میں سٹریٹ لائٹس کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے ریلوے کوارٹرز نشئیوں کی آماجگاہ میں تبدیل ہوجاتے ہیں جبکہ ریلوے پولیس ریلوے کالونی میں گشت کرنے کی بجائے ریلوے اسٹیشن پر موجود پولیس چوکی میں خدمات سرانجام دیتی نظر آتی ہے ۔
قابل ِ ذکر بات یہ ہے کہ محکمہ ریلوے کی غفلت و لاپرواہی کیوجہ سے نامعلوم افراد نے ریلوے کالونی کے بیشتر کوارٹرز کی اینٹیں اور لوہے کے گارڈرز وغیرہ غائب کرنا شروع کررکھے ہیں۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے کے ذمہ داران کو اس اہم مسئلے کی جانب توجہ مرکوز کرنی چاہئے یا دوسری صورت میں ریلوے انتظامیہ بوسیدہ کوارٹرز کو گرا کر ملبے کی نیلامی کر دیں تاکہ حاصل ہونے والی رقم ریلوے پر خرچ کرکے بہتری لائی جا سکے۔