جہلم: چیف سیکرٹری پنجاب نے جہلم سمیت پنجاب بھرمیں تجاوزات، سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کیخلاف آپریشن شروع کرنے کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے اس موقع پر پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات،سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کیخلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے ڈپٹی کمشنرز کے دفترکی رجسٹریشن برانچ میں محنتی فرض شناس با اخلاق عملہ تعینات کیا جائے۔ شہروں کی طرز پر دیہی آبادی کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ‘اب گاوں چمکیں گے’ ایک انقلابی پروگرام ہے۔ جہلم سمیت پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز پروگرام پر عملدرآمد کی خود نگرانی کریں۔
اس موقع پرسیکرٹری بلدیات نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ پروگرام کے تحت ہر گاؤں میں صفائی ستھرائی، پیدائش، اموات و دیگر سرٹیفکیٹ کا آسان اجراء یقینی بنایا جائے، پروگرام پر عملدرآمد کیلئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی منیجمنٹ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، پی آئی ٹی بی محکمہ بلدیات کے عملہ کو تربیت فراہم کرے گا۔
اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری قانون اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ جہلم سمیت پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔