جہلم: حسینی قربانی کی عملی تصویر پیش کر کے ہم اسلام اور پاکستان کو در پیش مصائب و مشکلات سے آزاد کروا سکتے ہیں۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کلمہ حق کی خاطر اپنا سب کچھ راہ خدا میں قربان کرنے کا درس دیا۔ پاکستان کے موجودہ معاشی مشکلات اور بحرانوں کے تناظر میں جذبہ حسینیت کو بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار ملک ندیم عباس نے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم ولادت کے سلسلہ میں پیغام حسین رضی اللہ تعالی عنہ سیمینار میں کیک کٹنگ کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنے خون سے دین اسلام کے شجر کی آبیاری کی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی دینی ، روحانی اور خاندانی نسبتیں آپ کی عظمتوں اور فضیلتوں کا بہت بڑا ثبوت ہیں۔ آج ہمارے زوال اور ناکامی کی بنیادی وجہ حسینی کردار سے روگردانی ہے۔ نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین کی قربانی قیامت تک آنے والے مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ صرف دعوے کرنے سے جذبہ حسینیت کو پاناممکن نہیں بلکہ ہمیں اس کے لیے عملی قربانی کی تصویر پیش کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حسینی کردار پر عمل کرتے ہوئے محبت، امن اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے باطل قوتوں کے سامنے حق و صداقت کا علم بلند رکھنے کا درس دیا۔ صحابہ و اہلبیت رضی اللہ تعالی عنہ کی تعلیمات کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔
اس موقع پر ملک محمد اعظم ،ملک عاصم عباس، نعمان حسین ، بلال حسن و دیگر بھی موجود تھے۔