پنڈدادنخان:لِلہ تا جہلم روڈ، تعمیراتی کمپنی کی عدم توجہی کے باعث ٹریفک جام اور حادثات معمول بن گئے، انتظامیہ سمیت تعمیراتی کمپنی کے ٹھیکیدار مدد کو بھی نہیں آتے اور نہ ہی روڈ کھلوانے کے لیے مشینری دیتے ہیں، ڈرائیور سراپا احتجاج۔
تفصیلات کے مطابق للِہ انٹرچینج تا جہلم ڈیول کیرج وے تعمیر کرنے والے تعمیراتی کمپنی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے علاقہ بھر کے ٹرانسپورٹر اور مسافر شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے، آئے روز حادثات اور ٹریفک بلاک رہنا معمول بن چکا ہے، بارش کے بعد پورا روڈ دلدل میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
گزشتہ روز پنڈدادنخان اور گولپور کے درمیان لوڈ ٹرک زیر تعمیر سڑک کی مٹی میں دھنس گیا جس کی وجہ سے ہیوی ٹریفک کئی گھنٹوں تک بلاک رہی جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطار لگنے سے راہگیر مسافر خواتین کو کئی کئی گھنٹے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسی صورت میں مقامی انتظامیہ سمیت تعمیراتی کمپنی کے ٹھیکیدار بھی مدد کو نہیں آتے اور نہ ہی مشینری دیتے ہیں جس کی وجہ سے روزہ دار افراد کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ڈرائیور حضرات کا کہنا ہے کہ جب بھی کوئی بڑی گاڑی پھنس جاتی ہے تو ہم اپنی مدد آپ کے تحت روڈ کھلواتے ہیں، ٹھیکیداروں کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کی بھی عدم دلچسپی سے عوام سخت پریشان ہیں، عوامی پریشانی کا ازالہ کون کرے گا ہماری گاڑیاں کئی کئی گھنٹے پھنسی رہتی ہیںلیکن کوئی ہماری مدد کو نہیں آتا عرصہ دراز سے معاملات ایسے ہی چل رہے ہیں۔
ڈرائیور حضرات اور اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ زیر تعمیر روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو اور انتظامیہ کو متحرک کیا جائے تاکہ ٹریفک جام اور حادثات جیسے مسئلہ سے بچا جا سکے۔