جہلم: ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ حکومت پنجاب کے انقلابی منصوبے اب گاؤں چمکیں گے کو باقاعدہ شروع کیا جا رہا ہے، منصوبے کے تحت ہر یونین کونسل میں مقامی کچرے کو ٹھکانے لگانے اور سیوریج و نکاسی آب کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے تحصیل جہلم کے تمام یونین کونسل سیکرٹریوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سیکرٹری یونین کونسل اپنے علاقے میں اس پروگرام کا انچارج ہو گا اور اہل دیہہ کے ساتھ مل کر ایک نگران کمیٹی تشکیل دے گا جو اس پروگرام کو موثر بنانے اور عمل درآمد کی نگرانی کرے گی۔ منصوبے کا مقصد شہروں کی طرح دیہاتی آبادیوں کو صاف و شفاف ماحول فراہم کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام شہریوں چاہے وہ شہری علاقے میں رہائش پذیر ہوں یا دیہاتی علاقوں میں کو صحت و صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے ڈپٹی کمشنر کو مختلف یونین کونسلز کے حدود اربعہ، آ بادی کی صورتحال اور وہاں دیگر مسائل بارے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے تمام سیکرٹریوں کو اب گاؤں چمکیں گے منصوبے پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرنے اور اس حوالے سے پنجاب حکومت کے ویژن کو عملی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ضلعی انتظامیہ اس پروگرام کو فوری طور پر شروع کرنے اور پوری رفتار کے ساتھ عملی جامہ پہنانے کے لیے کوشاں ہے۔