جہلم: این اے 60 سے مسلم لیگ (ن) کا مضبوط امیدوار کون ہو گا؟، وقت کم مقابلہ سخت، قرعہ کس کے نام کانکلے گا، چہہ مگوئیاں شروع گھرمالہ خاندان اور چوہدری فرخ الطاف سیاسی اکھاڑے اترنے کے لیے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نئی مردم شماری کے تحت ضلع جہلم میں قومی اسمبلی کی صرف ایک نشست رہ گئی ہے۔ ضلع جہلم میں ممبر قومی اسمبلی کی کم ہونے والی ایک نشست کا نقصان نوابزادہ مطلوب مہدی کو پہنچنے کا اندیشہ ہے جبکہ صوبائی حلقہ پی پی 25 دینہ/ سوہاوہ، صوبائی حلقہ پی پی 26 تحصیل جہلم اور صوبائی حلقہ پی پی 27 پنڈدادنخان کے امیدواروں میں بھی گھمسان کا رن پڑے گا، نشستیں کم اور امیدواروں کی تعداد زیادہ ہے۔
قومی اسمبلی کی ایک نشست کم ہونے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں میں ٹکٹ کا فیصلہ بھی قرعہ اندازی کے ذریعے ہو گا۔ اس طرح سابق ایم این اے چوہدری فرخ الطاف اور گھرمالہ خاندان کے مابین مقابلہ ہو گا کیونکہ ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں دونوں رہنماؤں کا خاصہ اثر رسوخ ہے۔ ڈیول کیرج وے، جلالپور کندوال نہر، ٹوبہ ٹراما سنٹر جیسے منصوبے ن لیگیوں کے لیے سپیڈ بریکر کے طور پر سامنے آئیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ، تحریک لبیک پاکستان، جماعت اسلامی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کی مقبولیت نہیں کہ وہ ضلع بھر کی ایک نشست پر مقابلہ کر سکیں جبکہ اگر پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین حصہ لیں تو مسلم لیگ ن کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں لیکن پی ٹی آئی کے سیاسی مستقبل بارے کسی قسم کی گفتگو کرنا محض مفروضہ ہو گا۔