جہلم: پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 27 چوہدری نذر حسین گوندل نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کی علمبردار اور غریب عوام کے حقوق کی محافظ سیاسی جماعت ہے جب بھی پیپلز پارٹی کے پاس اختیارات آئے غریبوں محنت کشوں نچلے اور پسے ہوئے طبقات کو ریلیف مہیا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حالات تیزی کے ساتھ بدل رہے ہیں ،انشاء اللہ آنے والا وقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہوگا، موجودہ حالات میں سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ایک مد بر سیاستدان کی طرح اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور اس وقت ملک کی سیاست آصف علی زرداری ، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے گرد گھوم رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ترمنفی پروپیگنڈے کے باوجود مرد حر آصف علی زرداری کی مفاہمت اور وطن پرستی کی سیاست نے زہریلے اور جھوٹے پروپیگنڈے کو زائل کیا ، اب تمام سیاسی جمہوری قوتوں اور اداروں کی نگاہوں کا محور و مرکز آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو ہیں ۔
چوہدری نذر حسین گوندل نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے انتہائی قلیل وقت میں اپنے آپ کو عالمی سطح کا لیڈر متعارف کرانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انشاء اللہ پیپلز پارٹی آمدہ الیکشن میں تاریخی کامیابی حاصل کر کے وفاق اور صوبوں میں حکومت بنائے گی اور بلاول بھٹو کی ولولہ انگیز اور آصف علی زرداری کی مدبرانہ پالیسیوں کی بدولت معاشی وسیاسی بحرانوں سے نجات دلا کو ملک پاکستان کو تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔