دینہ: راجہ یاور کمال نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے کہتے تھے کہ کپڑے بیچ کر آپ کی خدمت کروں گا آپ عوام میں ایک بار آ کر دیکھو کیا ہوتا ہے، ان کا وزیر دفاع کہتا ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہو چکا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے دینہ میں مہنگائی مکاؤ الیکشن کراؤ مارچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے راجہ یاور کمال نے کہاکہ عمران خان کی کال پر حلقہ پی پی 25 نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ حلقہ صرف عمران خان کا ہے اور پی پی 25 کا ٹکٹ ہر انسان کا ہے جس کو عمران خان دیں گے۔ عمران خان کو جب بھی ضرورت پڑی تو دینہ اور جہلم کی عوام نے ہمیشہ لبیک کہا ۔
انہوں نے کہا کہ اب عوام ان ظالم حکمرانوں سے تنگ آ چکی ہے اب ان کومزید برداشت نہیں کیا جا سکتا ، اصل طاقت عوام ہے آپ نے حقدار کو ووٹ نہ دیا تو آپ کی نسلیں بھی آپ سے پوچھیں گی عمران خان ہی ملک کا واحد لیڈر ہے جو ملک کی بھاگ دوڑ سنبھال سکتا ہے، آپ کو عمران خان کے لیے باہر نکلنا ہے وہ آپ کے لیے جنگ لڑ رہا ہے ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے لڑ رہا ہے، حلقہ پی پی 25 کا ٹکٹ کہیں نہیں جا رہا ہے یہ ٹکٹ آپ کا ٹکٹ ہے جس کو عمران خان دے گا۔
اس موقع پر چوہدری زاہد اختر تحریک انصاف پنجاب نارتھ کے سینئر وائس پریذیڈینٹ نے کہا کہ مہنگائی مکاؤ الیکشن کراؤ سے امپورٹڈ حکومت بھاگ رہی ہے، نا اہل حکومت نے ہمیں کس مقام پر کھڑا کر دیا ہے آج غریب اور متوسط طبقہ اتنا پس چکا ہے کہ دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہو گیا ہے عوام سبزی تک نہیں خرید سکتی، آج اس حکومت کا راز فاش ہو چکا ہے ۔
تقریب سے چوہدری زاہد اختر نے کہا کہ شہباز شریف نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے کہتے تھے کہ شہباز شریف حکومت سنبھالے گا آج ملک کا دیوالیہ کر دیا ہے اس کا واحد حل ملک میں جلد از جلد الیکشن کروائے جائیں۔