جہلم کے علاقہ لنگر پور میں تین بہنوں سمیت چار افراد کے قتل میں ملوث 4 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی قیادت میں جہلم پولیس نے تین خواتین سمیت چار افراد کے قتل میں ملوث چار ملزمان رضوان عزیز،علی حیدر،علی حسن اور محمد عمر کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان نے 6 ستمبر کو تھانہ کالا گجراں کے علاقہ لنگرپور میں فائرنگ کر کے 3 خواتین اور 1 مرد کو قتل کر دیا تھا، قتل ہونیوالوں میں نعمان، اس کی بیوی اور دو سالیاں شامل تھیں، مقتولین کی شناخت نعمان، شمائلہ، ربیعہ اور آسیہ کے نام سے ہوئی تھی۔
ملزم رضوان نے مقتولہ کو چند روز قبل زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور مقتولہ نے رضوان عزیز کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کروایا تھا۔
ڈی پی او جہلم نے واقعہ کے بعد خود موقع کا وزٹ کر کےملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا۔ ایس ایچ او کالا گجراں ملک نثار احمد اور ٹیم نے انتھک محنت اور جدید سائنسی طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان چاہے کتنے ہی شاطر کیوں نا ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
ڈی پی او ناصر محمود باجوہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب گھر میں سوئی ہوئی تین خواتین اور ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے ملزمان کا کریمنل ریکارڈ بھی ہےعلاقہ مکین ان کے خوف سے خاموش تھے، جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا جائے۔
واضح رہے کہ ملزمان نے گھر میں سوئے میاں بیوی اور سالیوں پر فائرنگ کی تھی، مقتولین کا 2 مرلے مکان پر رشتہ داروں سے تنازعہ چل رہا ہے۔
ڈی پی او جہلم نے ایس ایچ او کالا گجراں اور ٹیم کو شاباش، تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔