جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے تعیناتی کے پہلے ہی دن اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے سمیت، ریونیو، آٹے اور یوریا کی دستیابی کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس طلب کرلیا۔
اجلاس میں پرائس مجسٹریٹ کی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بھر میں پرائس مجسٹریٹ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں اور اس کے ساتھ بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں اور ایف آئی آرز کا اندراج بھی کیا جارہا ہے، اس ضمن میں ایک ماہ کے دوران اب تک 4 ہزار 2 سو معائنے کیے گئے اور 9 لاکھ 42 ہزار روپے سے زائد کے جر مانے عائد کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سبزی منڈی کا دورہ کریں اور کارکردگی کو قیمت ایپ پر اپ لوڈ کیا جائے تاکہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پا کر موجودہ مصنوعی مہنگائی کا مکمل طور پر خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔
ریونیو کے حوالے سے انہوں نے تمام ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ ضلع میں موجود 137 دیہی مرکز مال مکمل طور پر فعال ہونے چاہیے، اگر کوئی دیہی مرکز مال فعال نہ ہوا تو متعلقہ ریونیو افسر کو معطل کر کہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یوریا کی دستیابی کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مقصود احمد نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع جہلم میں یوریا کھاد کا کوئی بحران نہیں ہے زمینداروں کو کنٹرول ریٹ پر کھاد مل رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت جعلی، غیر معیاری اور مہنگے داموں کھاد فروخت کرنے والے ڈیلروں کے خلاف جرمانے اور مقدمات کا اندراج کروایا جائے۔ سبسڈائزڈ آٹے کی دستیابی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ آٹے کی ڈسٹری بیوشن کو چیک کریں۔
انہوں نے کہا کہ سپلائی چین کو باقاعدہ مانیٹر کیا جائے جہاں کہیں آٹے کی غیر قانونی فروخت کا انکشاف ہو اس پر فوری کارروائی کی جائے اور متعلقہ دکاندار کو آٹے کا کوٹہ بند کرنے کے ساتھ دکان کو سیل کیا جائے اور مقدمے کا اندراج کروایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ عوام کو مصنوعی مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا بنیادی ذمہ داری ہے، تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس باقاعدگی سے مارکیٹس اور منڈی کا دورہ کریں، زمینی حقائق کا باریک بینی سے جائزہ لیں، تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پوری ایمانداری سے احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔