جہلم: ضلع بھر کے متعدد یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستے آٹے کا حصول بھی ناممکن بنا دیاگیا، مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز سے سستی اشیاء کا حصول بھی پل صراط سے گزرنے کے مترادف بنا دیا گیا۔ گرم موسم میں سستے آٹے کیلئے خواتین دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹور پرسستے آٹے کا حصول غریب عوام کے لیے ناممکن بنادیا گیاجبکہ یوٹیلیٹی اسٹور سے کئی دوسری اشیا کا بھی سستا ملنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
سرکاری ملازمین سمیت شہریوں نے کہا کہ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹور پر بھی ضرورت کی اشیاء کو مہنگا کر دیا ہے، گھی ،آئل، صابن، دالوں ، چائے کی پتی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا جس سے غریب آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے حکومت نے مہنگائی کم کرنے کے جو وعدے اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے کیے تھے وہ سب جھوٹ کا پلندہ ثابت ہو رہے ہیں ۔
شہریوں نے کہا کہ موجودہ حکمران اقتدار کی ہوس میں ہمیشہ غریب عوام کو دھوکے میں ہی رکھتے ہیں غریب آدمی اب اس ہوشربا مہنگائی سے تنگ آچکا ہے اس لیے اپنے بچوں کے لیے 2 وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہوتی جارہی ہے ، عام آدمی بچوں کو تعلیم دلوائے گا یا انہیں 2 وقت کا کھانا کھلائے گا۔
شہریوں نے وزیراعظم پاکستان ، چیف جسٹس سپریم کورٹ سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیاہے۔