جہلم: توشہ خانہ کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر جہلم میں کسی بھی قسم کا کوئی احتجاج نہیں کیا گیا جبکہ رات گئے پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے گھروں پر دھاوا بول دیا۔
ذرائع کے مطابق رات 11 بجے تحریک انصاف کے سٹی سیکرٹری وسیم خان اور سٹی صدر عتیق احمد خان کے گھر پر پولیس نے دھاوا بولا اور گیٹ کے تالے توڑ کر گھر میں داخل ہوگئے جبکہ گھر میں کوئی بھی فرد موجود نہیں تھا۔
اہل محلہ کا کہنا تھا کہ جب پولیس کو معلوم ہے کہ گھر پر تالا لگا ہوا ہے تو پھر پولیس کو تالا نہیں توڑنا چاہیے تھا اور گیٹ کے کنڈے بھی نہیں توڑنے چاہئے تھے۔ پولیس گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ خوف بھی پیدا کر رہی ہے۔
رات گئے پولیس نے کئی دوسرے کارکنوں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جبکہ اکثر کارکنان گھروں سے غائب ملے جبکہ اطلاعات کے مطابق کچھ کارکنان کو پولیس نے گرفتار بھی کر لیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین کی گرفتاری کے بعد ضلع جہلم میں کوئی بھی کارکن احتجاج کے لیے نہیں نکلا بلکہ پولیس کی گرفتاریوں کے ڈر سے گھروں سے غائب ہوگئے جبکہ ضلعی صدر کی جانب سے بھی کسی قسم کے احتجاج کے لیے کوئی کال نہیں دی گئی۔