دینہ: چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ حلقہ پی پی 25سے ضرور الیکشن لڑوں گا، جو سفر عوام کی خدمت کا شروع کر رکھا ہے اسے جاری رکھوں گا، مینار کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑوں گا۔
چیئرمین ڈیفنس کمیٹی اور ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حلقہ پی پی 25میرا آبائی حلقہ ہے اس حلقے کے لوگ مجھ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ حلقہ پی پی 25ہو یا این اے 60میرا ان کے ساتھ کوئی سیاسی تعلق نہیں بلکہ ایک خاندان کی طرح ہم لوگ رہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سب نے مجھے محبت اور پیار دیا ہے جب بھی مجھے اللہ کی طرف سے عزت ملی ہے، میں نے بلا تفریق اپنے لوگوں کی خدمت کی ہے میں برادری ازم کا قائل نہیں ہوں ہمیشہ برادری سے ہٹ کر اپنے حلقے کی عوام کی خدمت کی ہے۔ آئندہ بھی حلقہ پی پی 25سے خدمت کا سفر جاری رکھوں گا۔
چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب میں نے پی پی 25سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تو ہزاروں لوگوں نے جو مجھ سے محبت کا اظہار کیا میں ان کو نہیں بھلا سکتا۔ انشاءاللہ حلقہ پی پی 25سے انتخاب جیت کر ترقی کا سفر اسی طرح جاری رکھوں گا جس طرح ماضی میں جاری رکھا۔