جہلم: ساون کی پہلی بارش نے شہر کی سڑکوں کو جوہڑوں میں تبدیل کر دیا، بارشی پانی شہریوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل، پنڈدادنخان کے ملحقہ علاقوں میں برساتی نالے بپھر گئے، اندرون شہر سول لائن روڈ، ریلوے روڈ، لالہ زار کالونی، مدنی محلہ، مشین محلے تالاب میں تبدیل، لوگ گھروں تک محصورہو کر رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق علی الصبح ہونے والی موسلادھار بارش نے شہر میں جل تھل ایک کر دیا۔ جہلم شہر کی سڑکیں گلیاں، بازار تالاب کی منظر کشی کرتی رہیں۔ بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے قیمتی سامان خراب ہو گیا، مین بازار میں دکانوں کے اندر بھی بارشی پانی داخل ہوا۔
پولیس لائن روڈ، سول لائن روڈ، کمیلا روڈ، کچہری روڈ، جادہ چوک روڈ، ریلوے روڈ، نیا بازار سمیت دیگر سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے سڑکیں جوہڑوں کی منظر کشی کرتی رہیں جبکہ اندرون شہر سے گزرنے والے نکاسی آب کے نالے بند ہونے کی وجہ سے بارشی پانی سے بھر گئے، نالوں کے دونوں اطراف قائم گھروں، دکانوں، پلازوں میں بھی پانی داخل ہو گیا جس سے متعدد دکانوں کا سامان خراب ہو گیا۔
دوسری جانب پنڈدادنخان میں بارشی پانی سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، کھیوڑہ پنڈدادنخان روڈ پر بارشی پانی کے باعث کئی گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی۔ ریسکیو 1122 کا عملہ شہریوں کو امداد فراہم کرنے میں مصروف رہا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں نکاسی آب کے نالوں کی صفائی ستھرائی نہ ہونے کے باعث بارشی پانی گلی محلوں اور سڑکوں پر جمع ہو گیا، جس کی وجہ سے کئی گھنٹے تک شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ نالوں کی صفائی ستھرائی اور نالوں پر قائم ہونے والی تجاوزات کو ختم کروایا جائے تا کہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔