مہنگائی کا خاتمہ سودی و یہودی معیشت سے چھٹکارے کے بغیر ممکن نہیں۔ سینیٹر ساجد میر

0

جہلم (محمد زاہد خورشید) سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ مہنگائی کا خاتمہ سودی و یہودی معیشت سے چھٹکارے کے بغیر ممکن نہیں، سانحہِ جڑانوالہ جیسے واقعات قانون کی عدم عملداری کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔

سینیٹر پروفیسر حافظ ساجد میر امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے جامعہ علوم اثریہ جہلم میں مرکزی جمعیت اہلحدیث جہلم کے ضلعی تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں، میثاق معیشت وقت کی اہم ضرورت ہے۔مہنگائی کا خاتمہ سودی و یہودی معیشت سے چھٹکارے کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکمرانوں کو عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوںگی۔ ملکی معیشت کی تباہی میں عمران خان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، مگر عدالتوں میں بیٹھے کچھ لوگ آج بھی اس کے حصار سے نہیں نکل پا رہے۔

انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سینیٹر ساجد میر نے کہا کہ بروقت انتخابات آئینی تقاضا ہے، نگراں حکمرانوں اور الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ ضروری آئینی معاملات کو جلد از جلد مکمل کرکے پہلی فرصت میں انتخابات کروائے جائیں۔

معاشرے میں تشدد پسندی کے بڑھتے واقعات پر انہوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ جیسے واقعات زندہ قوموں کےلئے شرمندگی کا باعث ہوتے ہیں، ایسے واقعات قانون کی عدم عملداری کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں، ان کا سد باب ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی سیاسی، سماجی اور رفاہی سرگرمیوں کا مقصد تبلیغ دین کے راستوں کو آسان بنانا ہے، مساجد اہلحدیث دراصل تبلیغ دین کے مراکز ہیں۔مزید انہوں نے کہا کہ حافظ عبدالحمید عامر، ان کے برادران اور رفقا کی وفاداری لائق تحسین ہے۔

جہلم آمد پر رئیس الجامعہ حافظ عبدالحمید عامر نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ہمراہ اہلیان جہلم نے شانداراور پرجوش استقبال کیا جن میں جامعہ کے اساتذہ و طلباء، جماعتی عہدیداران اور اراکین جماعت کی کثیر تعداد شامل تھی۔

اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر مولانا عبدالرشید حجازی ،ناظم اعلیٰ مولانا حافظ محمد یونس آزاد، امیر ضلع جہلم مولانا حافظ عبدالحمید عامر،ناظم ضلع جہلم حافظ احمد حقیق،ڈپٹی سیکرٹری جنرل اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان حافظ عبدالغفور جہلمی،سیکرٹری جنرل اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان حافظ عمر عبدالحمید،نائب ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب مولانا سعد محمد مدنی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مولانا محمد ابرار ظہیر، نائب ناظم سوشل میڈیا حافظ محمد سعید اور دیگرضلعی عہدیداران نے بھی خطابات کیے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.