جہلم:یوم عاشور ضلع بھر میں علم ذوالجناح کے30 جلوس برآمد ہوں گے، 51 مجالس کا انعقاد ہوگا۔ یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی نگرانی میں پولیس اہلکار یوم عاشور پر سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی 29جولائی بروز ہفتہ کو یوم عاشور مذہبی عقیدت احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ ضلع بھر میں چھوٹے بڑے کل 30 جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 51 مجالس منعقد ہوں گی۔ جہلم شہر میں یوم عاشور پر چار مقامات سے جلوس برآمد ہوں گے۔
مجالس میں سٹی سرکل کی تعداد 4، صدر سرکل کی 11، سوہاوہ سرکل کی 3 اور پنڈدادنخان سرکل کی 33 کا انعقاد ہو گا جبکہ جلوسوں کی تعداد سٹی سرکل میں 4، صدر سرکل میں 3، سوہاوہ سرکل میں 2 اور پنڈدادنخان سرکل میں 21 جلوس نکالے جائیں گے۔ منعقدہ مجالس و جلوس کی سکیورٹی کے حوالے سے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جو تمام جلوسوں اور مجالس کی نگرانی بذریعہ CCTV کیمرہ جات کی جائے گی۔
جلوسوں اور مجالس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹ اور بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر چیکنگ کا عمل سرانجام دیا جائے گا۔ تمام مجالس و جلوسوں پر باڈی سرچ کے لیے تربیت یافتہ والنٹیئرز تعینات کیے جائیں گے۔ جلوسوں اور مجالس پر پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آرمی اور پولیس کی ریزرو فورس کے دستے سٹینڈ ٹو رہیں گے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ عاشورہ کے ایام میں جہلم پولیس پہلے سے زیادہ الرٹ ہو کر اپنی ڈیوٹی سر انجام دے گی اور کسی سماج دشمن عناصر کو تخریب کاری کی اجازت ہر گز نہ دی جائے گی۔ وال چاکنگ نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز مواد کی اجازت نہ ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔