جہلم: اشرف چغتائی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانا اور برآمدات کو بڑھانا کسی بھی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور پاکستان کی معاشی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی ہی مثبت اقدامات کر سکتی ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اشرف چغتائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے چین، روس، امریکہ اور دیگر ملکوں کے دورے کرکے پاکستان کی ترجمانی کرتے ہوئے ملک کے اندر تجارت اور انویسمنٹ پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کی وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک گفتگو پر امریکی محکمہ خارجہ کا موقف سامنے آ گیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کے ساتھ امریکا کی مفید شراکت داری کا اعادہ کیا ہے۔
اشرف چغتائی نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی وزیر خارجہ سے بات چیت مثبت پیش رفت ہے اور جس طرح سے امریکی محکمہ خارجہ نے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی مدد کے لیے پروگرام کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ نگران حکومت اگست کے دوسرے ہفتے بن جائے گی اور الیکشن نومبر میں ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں اشرف چغتائی نے کہا کہ دوبئی یا لندن میں آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی پیپلز پارٹی نے نگران وزیر اعظم کے لئے اسحاق ڈار کے نام پر رضامندی ظاہر کی ہے۔