جہلم شہر سے منسلک کرنے والی اہم رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، حادثات میں اضافہ

0

جہلم شہر سے منسلک کرنے والی اہم رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، سڑکوں پر بننے والے گڑھے حادثات کا موجب بننے لگے، شہریوں کی قیمتی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں کباڑ کا روپ دھار چکی ہیں، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر سے ملحقہ علاقوں کی اہم مصروف ترین سڑکیں کمیلا روڈ، پولیس لائن روڈ جو کہ مضافاتی و ملحقہ علاقوں کی رابطہ سڑکیں تصور کی جاتی ہیں، انتہائی خستہ حال ہو چکی ہیں۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے جس طرح باقی ماندہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے فنڈز جاری کروائے ہیں ان 2 اہم سڑکوں کی از سر نوتعمیر کے لئے بھی فنڈز جاری کروائیں۔

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ سڑکیں محض چند کلو میٹر تک خراب ہیں جس کی بنیادی وجہ سیوریج پائپ لائنوں کی تنصیب کے بعد سڑکوں کی تعمیر کرتے وقت ناقص میٹریل کے استعمال اور ان کی مناسب اونچائی کا نہ ہونا ہے جس کے باعث بارشی پانی مذکورہ سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے جس کے باعث سڑکیں بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔

دوسری جانب پولیس لائن جو کہ سرکاری محکمہ جات کے اداروں کے افسران کی رہائشوں کیوجہ سے انتہائی اہمیت کی حامل تصور کی جاتی ہے جسے تعمیر نہ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔

شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق سے مطالبہ کیا ہے کہ انہوں نے جس طرح ضلع بھر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے فنڈز جاری کروائے اسی طرح ان 2 اہم سڑکوں کی از سر نو تعمیر کے لئے بھی فنڈز جاری کروائیں تا کہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.