جہلم میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے 7 افراد کی ہلاکت کا واقعہ، اوگرا کا 3 ہفتوں کے بعد سخت نوٹس، چیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ جاری کردیاگیا، تمام ہوٹلوں، ریسٹورانٹس، کمرشل بلڈنگز وغیرہ میں ایل پی جی سلنڈرز کواستعمال کرنیوالے ماہر افراد مقررکرنے کی ہدایت جاری۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے چیف سیکرٹری گورنمنٹ آف پنجاب کو جاری کردہ مراسلے میں بتایاگیاہے کہ جہلم میں میاں سکندر ہوٹل جی ٹی روڈ راٹھیاں میں گیس سلنڈر کے دھماکے کی وجہ سے نہ صرف پوری بلڈنگ تباہ ہوگئی بلکہ 7افرادکی جانوں کاضیاع بھی ہوا۔
واقعہ کی ابتدائی تحقیقات سے یہ انکشاف ہواکہ اس بلڈنگ کے اندر غیرقانونی طورپر ایل پی جی سلنڈرز سے سلنڈر میں بھرنے کاکام ہورہاتھا اورباقاعدہ اس بلڈنگ میں ایک دوکان موجود تھی جس میں سلنڈروں کی بڑی تعداد موجود تھی جس میں کوئی پراپر ہواکا نظام موجود نہیں تھا،سلنڈرز کی لیکیج کی وجہ سے یہ حادثہ رونماہوا۔
مراسلے میں بتایاگیاہے کہ ملک میں قدرتی گیس(سوئی گیس) کی کمی کی وجہ سے لوگ زیادہ تر ایل پی جی سلنڈرز کااستعمال کرتے ہیں جس میں جب احتیاط نہیں برتی جاتی تو پھر افسوسناک واقعات رونماہوتے ہیں۔
مراسلے میں بتایاگیاہے کہ اوگراکے مشاہدے میں آیاہے کہ اکثرہوٹلوں، ریسٹورانٹس،فوڈ چینز میں زیادہ ترایل پی جی سلنڈرز کااستعمال ہوتاہے اورایل پی جی سلنڈرز کوبیٹریزکے ساتھ ہی نصب کردیاجاتاہے اورایسی جگہ پریہ نصب کئے جاتے ہیں جہاں ہوا کے گزرکامناسب انتظام نہیں ہوتا اورجب سلنڈر لیک کرتاہے تو بیٹریزکی وجہ سے فوری طورپر حادثہ رونماہوجاتاہے جودھماکے کی صورت میں ہوتاہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ لہٰذا انتہائی ضروری ہے کہ ایسے مقامات پر ایل پی جی سلنڈرزکوبیٹریزکیساتھ نصب نہ کیاجائے یاایسے مقام پرنصب کیاجائے جہاں ہواکے حوالے سے مناسب انتظام ہو جبکہ ہوٹلوں وغیرہ میں ایل پی جی سلنڈرز کواستعمال کرنیوالے ٹرینڈ عملے کو مقررکیاجائے تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچاجاسکے۔
سلنڈر سے سلنڈر میں گیس کی منتقلی کے غیرقانونی کام کو سختی سے روکاجائے اوران کے خلاف سخت ایکشن لئے جائیں۔ اس حوالے سے حکومت پنجاب انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبہ بھرکے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کوان ہدایات پرسختی سے عملدرآمدکی ہدایات جاری کی گئی ہے۔