پنڈدادنخان: کئی سالوں سے پولیس کے لیےدرد سربننے والا ضلعی ڈان مشہور زمانہ منشیات فروش رفیق عرف فیقا کھیوڑہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ چوکی انچارج راجہ نوید نے اپنی تعیناتی کے چند ہی دنوں کے اندر رفیق عرف فیقا کو گرفتار کر کے 5400 گرام چرس برآمد کر لی، مقدمہ درج، اہلیان علاقہ نے راجہ نوید کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
تفصیل کے مطابق رفیق عرف فیقا نے باقاعدہ ملازم بھرتی کر رکھے تھے جو ضلع بھر میں منشیات فروشوں کو منشیات سپلائی کرتے تھے۔
ذرائع کے مطابق ملزم ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی منشیات سپلائی کرنے میں ملوث ہے۔مذکورہ ملزم کو بااثر لوگوں کی بھی حمایت حاصل ہے۔ راجہ نوید نے جامع حکمت عملی ترتیب دے کر ملزم کو عین اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ منشیات لے کر کھیوڑہ میں داخل ہورہا تھا۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے گرفتاری سے بچنے اور قانونی اداروں کو دھوکا دینے کے لیے کئی خفیہ ٹھکانے بنا رکھے تھے۔ رفیق عرف فیقا کی گرفتاری سے جہاں منشیات فروشی کے نیٹ ورک میں بڑی نقب لگی ہےوہاں آنے والے چند دنوں میں مزید بڑی گرفتاریوں کا بھی امکان ہے جس کا تمام تر سہرہ چوکی انچارج کھیوڑہ راجہ نوید کو جاتا ہے۔