دینہ: آمدہ الیکشن کے حوالے سے سابق چیئرمین یونین کونسل لدھڑ راجہ افرا سیاب کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ن) کا اہم مشاورتی اجلاس، جس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے راجہ اویس خالد نے کی، اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کو متحرک اور فعال کرنے اور میاں نواز شریف کا پیغام گھر گھر پہنچانے پر زور دیا گیا، اجلاس میں متعدد یونین کونسلز کے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی شرکت۔
تفصیلات کے مطابق دینہ کے نواحی علاقہ پنڈوری میں مسلم لیگ (ن) کے سابق چیئرمین یونین کونسل لدھڑ راجہ افراسیاب کی رہائش گاہ پر ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت سابق ایم پی اے راجہ اویس خالد نے کی۔
اجلاس میں تحصیل صدر و چیئرمین یوسی کھوکھا ڈاکٹر محمد بشیر، چیئرمین یوسی لدھڑ و نائب صدر ضلعی راجہ افراسیاب خان، چیئرمین یونین کونسل مغل آباد راجہ مبارک کیانی، چیئرمین یونین کونسل مدوکالس چوہدری سہیل ظفر، چیئرمین یونین کونسل گڑھ محل چوہدری یعقوب، چیئرمین یونین کونسل سوہن چوہدری قدیر، سٹی صدر مسلم لیگ (ن) میاں ریحان علی عنصر، راجہ تفضل علی آف سلطان پور، خان طارق وائس چیئر مین کنٹونمنٹ بورڈ منگلا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے راجہ محمد اویس خالد نے معززین کو مسلم لیگ (ن) کو متحرک کرنے اور فعال کرنے اور میاں محمد نواز شریف کا پیغام گھر گھر پہنچانے پر زور دیا اور آمدہ الیکشن کے حوالے سے پارٹی کو متحد رکھنے کا عندیہ دیا، اس پر تمام چیئرمین صاحبان و کونسلرز حضرات نے پاکستان مسلم لیگ ن اور راجہ محمد اویس خالد کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
اجلاس کے اختتام پر چوہدری سہیل ظفر اور تمام حاضرین نے دعائے خیر کہی جس پر راجہ محمد اویس خالد نے تمام معززین کا شکریہ ادا کیا۔