جہلم: موسم بہار شجرکاری مہم کے تحت محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام ضلع جہلم میں جوڈیشل شجرکاری ڈے منایا گیا۔
اس حوالے سے ضلع کی تمام کورٹس میں شجرکاری تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ شجرکاری مہم کے تحت ڈسٹرکٹ سیشن جج ضیاء اللہ خان اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج راجہ امجد اقبال نے جہلم کورٹ کے احاطہ میں پودے لگائے اور مہم کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔
تقریب میں سینئر سول جج منظر حیات، ایس ڈی ایف او وقاص شاہ سمیت دیگر جج صاحبان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ تحصیل سوہاوہ کی سول کورٹس میں بھی شجرکاری مہم کے تحت ایڈیشنل سیشن جج چوہدری عامر ضیاء اور سول جج ریحانہ کوثر نے کورٹ کے احاطہ میں پودے لگائے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضیاء اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہم سب پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور انکی حفاظت کریں تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے، درخت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں، ماحول کو خوشگوار اور سرسبز رکھنے کیلئے ہر شہری کو شجرکاری مہم میں حصہ لینا چاہیے۔