پنڈدادنخان: جلالپور شریف میں نجی ویلفیئر ٹرسٹ نے رفاعی، فلاحی کاموں کا بیڑا اٹھا لیا، قرب و جوار کے علاقوں میں گرین اینڈ کلین مہم کے تحت پودے لگائے جارہے ہیں جبکہ غریب نادار بچوں اور بچیوں کی شادیاں بھی کروائی جارہی ہیں، نجی ویلفیئر ٹرسٹ نے تاریخی قصبہ جلالپور شریف کو گندگی اور آلودگی سے پاک بنانے کا بیڑا اٹھا لیا۔ علاقہ مکینوں کی طرف سے خراج ِ تحسین۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کی یونین کونسل جلالپور شریف میں نجی ویلفیئر ٹرسٹ نے فلاحی اور رفاعی کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینا شروع کررکھا ہے، جس کے تحت ٹرسٹ نے بیشتر غریب اور سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے بیٹوں اور بیٹیوں کی شادیاں کروائیں ، اس کے علاوہ غریب و غرباء کی مالی معاونت ماہانہ راشن، جس میں بچوں کو کتابیں کاپیاں، یونیفارمز ، سردیوں ، گرمیوں کے ملبوسات دینے کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے۔
نجی ویلفیئر ٹرسٹ کے نوجوانوں نے دوسری جانب کلین اینڈ گرین مہم کے تحت بیشتر سکولوں، کالجوں، سڑکوں اور قبرستانوں کی صفائی ستھرائی سمیت پھلدار، پھولدار، سایہ دار پودے بھی لگانے شروع کررکھے ہیں اس حوالے سے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نجی ویلفیئر ٹرسٹ نے جس طرح رفاعی، فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ حصہ لینا شروع کر رکھا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ، انہی نیک پرور افراد سے دنیاء قائم ہے اور انہی کی بدولت غریب اور سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد استعفادہ حاصل کرتے ہوئے اپنی سفید پوشی کا بھرم قائم رکھے ہوئے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے مخیر حضرات سے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح نجی ویلفیئر ٹرسٹ کے نوجوانوں جن میں سلیم شہزاد بابر، راجہ رضوان، عمر وڑائچ، ملک شہباز، طارق محمود، توقیر شاہد، محمد شعیب دبئی ، نور محمد، محمد بوٹا، شکیل حیدری، وقار سلیم، جاوید ڈار نے غریب غرباء کی مالی معاونت کرنے اور یونین کونسل جلالپور شریف کے دیگر کاموں میں اپنا کردار ادا کرنا شروع کررکھا ہے ، اسی طرح مخیر حضرات بھی آگے بڑھیں اور غریب غرباء کی امداد سمیت یونین کونسل کے مسائل کے حل پر توجہ دیں جس سے یونین کونسل میں پھیلی محرومیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔