ڈپٹی کمشنر جہلم کا پنڈدادنخان کا 2 روزہ دورہ، تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، شہریوں کے مسائل سنے

0

پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ خان نے نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان انور علی کے ساتھ دو روز سے تحصیل پنڈدادنخان کا تفصیلی دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آفس میں پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر جہلم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا اور اہلیان تحصیل کی طرف سے شاندار استقبال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر جہلم ریٹائرڈ کیپٹن سمیع اللہ خان اور اسسٹنٹ کمشنر انور علی دو روز سے تحصیل پنڈدادنخان کے دورے پر ہیں، اپنے دورے کے دوران انہوں نے تحصیل بھر میں جاری تعمیراتی و ترقیاتی پراجیکٹس کے بارے میں ذمہ داران سے بریفنگ لی۔

انہوں نے نے جلالپور کندوال ایریگیشن سسٹم و نہر کا معائنہ کیا مشہور سیرگاہ اور ابو ریحان البیرونی کی رصد گاہ قلعہ نندنہ کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے ہوئے حکام کو باقی کام جلد از جلد تکمیل تک پہنچانے کے احکامات جاری کیے جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان کا انتہائی تفصیلی دورہ بھی کیاجس میں وارڈز، لیبارٹری، فارمیسی سمیت دیگر شعبہ جات کے متعلق نہ صرف معلومات حاصل کیں۔

تمام سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ صرف حصول روزگار کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ یہ خدمت خلق کا بہترین فورم ہے جس پر رہتے ہوئے ڈاکٹر حضرات میڈیکل اور پیرامیڈیکل سٹاف کے علاوہ تمام صحت کے شعبے میں کام کرنے والے افراد اگر اپنے کام کو ایمانداری سے کریں تو عبادت ہے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے عملہ کے ہمراہ راجہ غضنفر علی خان گورنمنٹ ہائی سکول کا دورہ کیا اور کلاس روم کے اندر جاکر وہاں کے طلباء سے بات چیت کی اور تعلیمی معیار کا جائزہ لیا اسکے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم نے بانی پاکستان کے دست راست راجہ غضنفر علی خان کے مزار پر بھی حاضری دی اور مزار کی حالت زار کو دیکھتے ہوئے معلومات حاصل کیں کہ یہ کس کے زیر نگرانی کام کر رہا ہے جس پر انہیں بتایا گیا کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اسکی دیکھ بھال کرتی ہے۔

اراضی ریکارڈ سنٹر پی ڈی خان پہنچے توسائلین نے ٹوکن سسٹم کو فرسودہ سسٹم قرار دیتے ہوئے مسائل کی جڑ قرار دیا اور متعدد نوعیت کی شکایات سے آگاہ کیا۔

سائلین کا کہنا تھا کہ ٹوکن سسٹم لوکل ہونا چاہیے جبکہ یہاں کا عملہ اقرباء پروری کے ساتھ ساتھ ذاتی لالچ کی بنا پر کام کرتا ہے اسکے بعد پہلے سے مرتب کی گئی تحصیل آفس میں کھلی کچہری میں پہنچے جہاں تحصیل بھر سے سینکڑوں سائلین موجود تھے۔

اس کھلی کچہری میں نہ صرف عوام کی کثیر تعداد موجود تھی بلکہ تحصیل کی تمام یونین کونسلوں سے اور کھیوڑہ پنڈدادنخان سے لوگوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل بیان کئے ان مسائل میں کھیوڑہ، کندوال، للِہ،بھیلووال گولپور، ڈھوک گولہ،سمیت پنڈدادنخان اور دیگر جگہوں کے افراد نے اجتماعی اور انفرادی مسائل کو پیش کیا۔

مرکزی اجتماعی مسائل میں کھیوڑہ ہیوی ٹریفک کی بندش کا مسئلہ اور کھیوڑہ میں گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے جائیداد سرٹیفکیٹ کے اجراء کی بندش کا تھا جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹریفک کھلے گی مگر تمام قواعد ضوابط کے ساتھ کیونکہ انسانی جان سب سے مقدم ہے اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔

کھلی کچہری میں اجاگر کیے گئے تمام مسائل جس پر ڈپٹی کمشنر نے اپنے ہاتھوں سے درج کرکے یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کو ہر ممکن حد تک جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم ریٹائرڈ کیپٹن سمیع اللہ خان نے پنڈدادنخان میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری ترجیح ہوگی محکمہ مال کے تمام افراد جن میں پٹواری رجسٹری آفیسر اراضی سنٹر گرداور سمیت جو بھی شخص کوتاہی کا مرتکب پایا گیا اسے میری طرف سے معافی کی کوئی بھی امید نہیں رکھنی چاہیے اور میں اس کے خلاف نہ صرف فوری کارروائی کروں گا بلکہ اسے اپنے ضلع میں بھی برداشت نہیں کروں گا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم سے ملاقات کے بعد عوام نے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم کو انتہائی پرعزم اور نوجوان قسم کا ڈپٹی کمشنر میسر آیا ہے اور اللہ تعالی کرے کہ یہ اپنے دورے تعیناتی کے دوران نہ صرف ضلع جہلم کے بنیادی مسائل بلکہ تحصیل پنڈدادنخان پر خصوصی طور پر توجہ دیں کیونکہ یہ پسماندہ تحصیل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سے کئی ایک سو کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.