جہلم: فواد چوہدری نے کہا کہ سیاستدان ہوں، الیکشن ہوئے تو الیکشن لڑوں گا، اسمبلی پہنچ کر ایک دفعہ پھر حلقہ کے باسیوں کی آواز بنوں گا، ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے بھائیوں والا رشتہ ہے، مبارکباد اور جہلم کے دورہ کی دعوت دینے گیا تھا، نگران کابینہ میں شامل ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، الیکشن ہوئے تو الیکشن لڑ کر اسمبلی پہنچوں گا۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارا سیاسی گھرانہ ہے ہم نے لوگوں سے دل کے رشتے قائم کیے، پسماندہ حلقے سے ایم این اے منتخب ہوا اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ جلالپورشریف تا کندووال نہر، للَہ جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر، پنڈدادانخان میں پاسپورٹ آفس، ای او بی آئی آفس قائم کروایا، ٹوبھہ میں ٹراما سنٹر کی تعمیر شروع کروائی۔
انہوں نے کہا کہ نواحی علاقوں میں سڑکوں کا جال بچھایا، بجلی کے نظام کو بہتر بنایا،اسپتالوں اور اسکولوں کی حالت بہتر بنائی، ڈاکٹرز اور اساتذہ کی قلت پوری کروائی۔ تھانہ کچہری، پٹوار اور انتقام کی سیاست نہیں کی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جب بھی الیکشن ہوئے الیکشن لڑوں گا، نگران کابینہ میں وزارت نہیں لے رہا، نگران وزیر اعظم انوارالحق سے بھائیوں والا رشتہ ہے انہیں وزیر اعظم بننے پر مبارکباد اور جہلم دورے کی دعوت دی۔ للِہ جہلم دورویہ سڑک سمیت التواء کا شکار دیگر منصوبوں کے متعلق بات چیت ہوئی، نگران وزیر اعظم ستمبر کے آخر یا اکتوبر کے شروع میں جہلم کا دورہ کریں گے۔