جہلم: موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کیلئے شجر کاری واحد حل ہے، عالمی یوم جنگلات پر جہلم میں تاریخی شجر کاری کریں گے۔
یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم طارق حسان نے اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ 21 مارچ کو بجوالہ کے مقام پر عالمی یوم جنگلات منانے کی تمام تر تیاریاں جاری ہیں اور تمام محکموں، سماجی تنظیموں، سکول کالجز کے طلباء و طالبات کے ساتھ یہ شجر کاری مہم سر انجام دی جائے گی۔
ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نے اس موقع پر اجلاس میں بتایا کہ ضلع جہلم گزشتہ چار سال سے پاکستان میں سب سے زیادہ شجرکاری کرنے والے اضلاع میں سرفہرست ہے اور ملکی تاریخ میں ایک دن میں سب سے زیادہ پودے لگانے کا اعزاز بھی ضلع جہلم کو حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے زیراہتمام ہر سال عالمی یوم جنگلات پر یہ پروگرام منعقد کیا جاتا ہے، گزشتہ سالوں کے دوران لگاے گے پودے اب باقاعدہ درخت بن چکے ہیں جو جنگلات کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔