جہلم میں تجاوزات مافیا سڑکوں پر قابض، شہر کی مصروف سڑکوں کے ساتھ ساتھ سرکاری زمینیں اور قبرستان بھی قبضہ مافیا کے شکنجے میں، شہریوں کو وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی و نا اہلی کے باعث شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں قائم سڑکوں پر تجاوزات مافیا کی گرفت میں تیزی آچکی ہے، سرکاری زمینوں پلاٹوں پر قبضہ مافیا نے قبضے کر رکھے ہیں جبکہ رکشہ ڈرائیوروں نے جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز اور سڑکوں کے اطراف میں پھلوں اور سبزیوں کی ریڑھیاں، لوڈر رکشے لگا کر مافیا نے پورے شہر کو جام کر رکھا ہے جس سے شہری پریشان ہیں۔
سول لائن روڈ، کچہری روڈ، ریلوے روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، تحصیل روڈپر تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کے باعث مذکورہ سڑکوں پر سے گزرنا محال ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے طویل دوانیے تک ٹریفک کا جام رہنا متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ قبضہ مافیا کے سامنے بے بس دکھائی دیتا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر سے تجاوزات کے مکمل خاتمے کیلئے دکانداروں کا تعاون درکار ہے۔ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے اب تک درجنوں آپریشن کئے جاچکے ہیں تاہم قبضہ مافیا میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں کیساتھ ملی بھگت کر کے آپریشن کے دوران قبضے میں لیا گیا سامان چند گھنٹوں بعد ہی چھڑ والیتا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل کمیٹی کی حدود میں قائم ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کے لئے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ اندرون ِ شہر کی سڑکیں کشادہ ہو سکیں اور شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔