جہلم/ راولپنڈی: جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی چوہدری صداقت علی خان نے ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں مبینہ تشدد کا شکار 2 حوالاتیوں کے طبی معائنے کا حکم دیتے ہوئے جہلم جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم سے دونوں ملزمان کا طبی معائنہ کروا کر 3 یوم میں رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔
تھانہ نصیر آباد پولیس نے گزشتہ سال 30 مئی کو بلال خان کی مدعیت میں گاڑی چھیننے کے الزام میں درج مقدمہ میں قاسم منیر اور محمد سلیمان کو گرفتار کیا تھا، عدالت میں پیشی کے دوران دونوں ملزمان نے جیل میں وحشیانہ تشدد کی شکائیت کرتے ہوئے عدالت سے طبی معائنے کی استدعا کی تھی جس پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل جہلم کو درخواست گزاروں کے طبی معائنے کا حکم دے دیا۔
اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ دونوں ملزمان اڈیالہ جیل میں بند تھے تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اطہر من اللہ کے اڈیالہ جیل کے دورہ کے دوران دونوں حوالاتیوں نے جیل کے مسائل سے انہیں آگاہ کرتے ہوئے انتظامیہ کے رویئے کی شکائیت کی تھی جس پرچیف جسٹس کے دورے کے بعد جیل انتظامیہ نے دونوں ملزمان کو بطور سزا ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کر دیا تھا۔