جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز مسافروں کو ریلیف دینے سے صاف انکاری، انتظامیہ خاموش تماشائی ،مسافر ٹرانسپورٹرز کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم جنرل بس اسٹینڈ سے مختلف روٹس پر چلنے والی مسافر گاڑیوں کے ٹرانسپورٹرز کو گزشتہ ہفتے حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی کمی کاریلیف دیا تھا ، جبکہ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مسافروں کو ریلیف دینے کی بجائے سابقہ کرایوں پر وصولیاں شروع کررکھی ہیں۔
مسافروں کا اس حوالے سے کہنا ہے جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں توراتوں رات کرایوں میں اضافہ کرکے نئے کرایے لاگو کر دیئے جاتے ہیں اور جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی واقع ہوتی ہے تو انتظامیہ آنکھیں بند کرلیتی ہے اور ٹرانسپورٹرز لوٹ مار کا بازار گرم کرلیتے ہیں۔
مسافروں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ جہلم ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری کو متحرک کیا جائے تاکہ حکومتی ریلیف مسافروں تک پہنچ سکے۔