دینہ: بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کی تاریخی قلعہ روہتاس گردوارہ چوا صاحب پر حاضری ، سکھوں کی آمد پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق تاریخی قلعہ روہتاس میں سکھ یاتریوں کی کثیر تعداد میں آمد جہاں انہوں نے قلعہ روہتاس میں قائم گردوار ہ چوا صاحب پر حاضری دی ، سکھ یاتریوں کی آمد پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کے حکم پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے۔
ڈی ایس پی صدر میاں عبدالجبار ، اے ایس پی سوہاوہ حافظ معاذ الرحمن نے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا اور استقبال کیا، سکھ یاتریوں نے اپنے مقدس مذہبی مقامات پر حاضری دی اور انہوں نے مذہبی مقدس مقامات محفوظ ہونے پر اظہار تشکر کیا۔
اس موقع پر سکھوں کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی جڑیں ایک ہیں بھائی چارہ ایک ہے حدیں ختم ہونی چاہئیں ، نفرتیں کتم ہوں گی تو محبت میں اضافہ ہو گا۔
سکھ یاتریوں نے کہا کہ پاکستانیوں کا پیار اور محبت اپنی مثال ہے ، حکومت پاکستان سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کر کے ہمارے دل جیت لیے ہیں ، پاکستان ایک پر امن اور دل جیتنے والا ملک ہے ، بھارت کو بھی چاہئے نفرتوں کو ختم کر کے دوستی کا ہاتھ بڑھائے ، تاروں والا سسٹم ختم ہونا چاہئے اور تجارت کو بڑھایا جائے تاکہ روزانہ کی بنیاد پر ہم ایک دوسرے کے ملک آ جا سکیں۔
آخر میں سکھ یا تریوں کی کثیر تعداد نے دوبارہ شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم بہت سی یادیں ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔