جہلم: میاں محمد بخش ٹرسٹ کا ترکی کے متاثرین زلزلہ کے لیے امدادی سامان، نائب تحصیلدار دینہ کے حوالے کر دیا گیا، وائس چیئر مین میاں محمد بخش ٹرسٹ خرم فرید برگٹ کی ہدایت پر ٹرسٹی و سابق صدر جہلم چیمبر آف کامرس عمر مشتاق برگٹ نے500 کمبل نائب تحصیلدار دینہ کو پہنچا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق میاں محمد بخش ٹرسٹ کے ٹرسٹی و سابق صدر جہلم چیمبر آف کامرس عمر مشتاق برگٹ نے ترکی کے زلزلہ کی تباہ کاریوں سے متاثرہ افراد کے لیے 500 کمبل تحصیل آفس دینہ میں نائب تحصیلدار عمران حسین کے حوالے کیے۔
اس موقع پر عمر مشتاق برگٹ نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو ان امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے تاکہ ان متاثرین کی بحالی کا کام جلد سے جلد ہو سکے۔
نائب تحصیلدار دینہ عمران حسین نے عمر مشتاق برگٹ اور وائس چیئر مین میاں محمد بخش ٹرسٹ خرم فرید برگٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ٹرسٹ حقیقی معنوں میں فلاح انسانیت کے لئے کام کر رہا ہے نہ صرف ملک میں قدرتی آفات کے موقع پر امدادی سرگرمیوں میں ہر طرح کا تعاون کیا بلکہ اب جبکہ ہمارے دوست ملک ترکی میں زلزلہ کی تباہ کاریوں سے متاثرہ افراد کے لئے میاں محمد بخش ٹرسٹ عملی اقدامات اٹھا رہا ہے جو کہ قابل تحسین ہے۔