رمضان المبارک کی آمد، مہنگائی اور نا جائز منافع خوری نے غریب سفید پوش طبقہ کی کمر توڑکر رکھ دی

0

جہلم: رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ضلعی انتظامیہ کی نا اہلی کے باعث بڑھتی ہوئی مہنگائی اور نا جائز منافع خوری نے غریب سفید پوش طبقہ کی کمر توڑکر رکھ دی، عوام کی قوت خرید جواب دے گئی، سبزیاں، پھل اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ، صارفین کو پیٹ بھرنے کے لالے پڑگئے۔

ان خیالات کا اظہار شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، مذہبی اور شہری تنظیموں کے عمائدین نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے جس بیدردی سے عوام کی چمڑیاں ادھیڑنی شروع کررکھی ہیں اس کا حساب انہیں ایک دن دینا پڑے گا، عوام آمدہ الیکشنوں میں ان بھوکے سیاستدانوں کا احتساب ووٹ نہ دے کر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی اشرافیہ نے ملکی خزانے کو لوٹ کر اپنی تجوریوں کو بھرا اور عوام کے مقدر میں سوائے بھوک، مایوسی و ذلت کے کچھ نہیں آیا، موجودہ حکومت نے ہمیشہ ایک ہی نعرہ لگایا کہ وہ اشرافیہ کی پگڑیاں اچھالنے کی اجازت نہیں دیں گے عوام جائے بھاڑ میں اور ماضی میں باریاں لینے والی سیاسی جماعتوں کے حکمرانوں نے عوام کی چمڑیاں تک اتارنے کے لیے ایکا کر رکھا ہے جس کا خمیازہ عوام آج مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری و مہنگائی عوام کو خودکشیوں پر اکسار رہی ہے ، عوام کو بچوں کے پیٹ بھرنے کے لالے پڑ چکے ہیں، سبزیوں پھلوں و دیگر اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ حکمرانوں کی نا اہلی و بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ضروریات زندگی کی اشیاء عوام کی پہنچ سے کوسوں میل دور ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کی پامالی کا بدلہ عوام آمدہ انتخابات میں حکمرانوںوسیاسی نمائندوں کوووٹ نہ دے کر لیں گے۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اب نہیں چلے گا ووٹرز کوکھانا دو، روزگار دو حقوق زندگی دو پھر ووٹ لو۔

شہریوں نے سروے میں کھل کر سیاسی جماعتوں و حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام سیا سیوں کے جھوٹے ارادوں میں نہ آئیں اور چہروں کو تبدیل کرکے عوام کو بے وقوف بنانے والے خود ساختہ سیاست دانوں سے چھٹکارا حاصل کریں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.