پنڈدادنخان: فواد چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم فیصلہ ہی نہیں کر پا رہی الیکشن لڑنا ہے کہ نہیں، ہمارے استعفے اتنے شوق سے قبول کیوں کیے تھے اگر الیکشن نہیں لڑنا تھا تو ؟، مریم نواز کہتی ہیں کہ ٹماٹر اور انڈے سستے ہو گئے ہیں، مریم نواز بغیر سکیورٹی کے باہر نکلیں انڈے اور ٹماٹر مفت ملیں گے۔
سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کاغذات نامزدگی منظوری کے بعد پنڈدادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سپر پاور ہے جہاں پر 17 لوگوں کی کابینہ ہے اور یہاں پر 85 لوگ کابینہ کا حصہ ہیں۔ میں نے الیکشن کمیشن پر تنقید کی اور مجھ پر غداری کا مقدمہ درج ہوا، مریم نواز کو اداروں پر تنقید کی کھلی آزادی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ مریم نواز پر غداری کا مقدمہ درج ہو مگر توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہئے۔ شاہد خاقان عباسی غیرت مند آدمی نکلا ہے ان کو سلوٹ پیش کرتا ہوں، شاہد خاقان عباسی نے مریم نواز کی لیڈر شپ کو انکار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی باتیں غور طلب ہیں انکو سننے کی ضرورت ہے۔ نواحی لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے انکی سیاست ختم ہو رہی ہے۔ تحریک انصاف کے مقابلے میں نئی ذمہ دار اپوزیشن بنے گی، مزید لوگ ن لیگ کو چھوڑیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ امریکہ کو یہاں سے یقین دلایا گیا تھا کہ عمران خان اینٹی امریکہ ہیں۔ ساری باتیں قوم کے سامنے آ گئی ہیں۔ حسین حقانی کو یہاں سے ہائر کیا گیا تھا جنہوں نے امریکہ کو بتایا کہ جنرل باجوہ پرو امریکہ ہیں جبکہ عمران خان اینٹی امریکہ ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ خود امریکی حکام سے جن سے میری بات ہوئی ہے انہوں نے اسکی تصدق کی ہے، کئی امریکی اسٹیبلشمنٹ کے لوگوں سے ہماری بات ہوئی ہے انہوں نے یہ ہی کہا کہ آپ کے لوگوں کی طرف سے یہ باتیں کی گئی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کو مفت جہاز بھی بھجوا دیں تو وہ پاکستان نہیں آنا، ہم تو نواز شریف کو بلا رہے ہیں مگر انہوں نے نہیں آنا۔ مریم نواز کو وزیر اعظم اپنا جہاز بھی دے دیں تو اس سے کچھ نہیں ہونا، مریم نواز پھٹا ہوا ڈھول ہے یہ نہیں بج سکتا۔
رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے مخالف امیدواروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میرے تایا چوہدری الطاف صاحب کا ایک منشی ہوتا تھا جو اب بڑا سوکھا ہو گیا ہے، اس نے بڑی زمینیں لے لی ہیں، ان دونوں کو اس نے آگے کیا ہے۔ جیسے پاکستان کا نواز شریف ہے اسی طرح یہ پنڈدادنخان کے نواز شریف ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس نے چار پیسے جوڑے ہیں تو دوبئی گھر لے لیا اور بحریہ ٹاؤن لاہور مستقل منتقل ہوگئے۔ دونوں 9 سال تحصیل ناظم رہے انہوں نے ایک گلی نہیں بنائی، کھیوڑہ کی واٹر سپلائی سکیم روک کر پمپ بنا لیا، یہ ہوائی چپلیں ہیں۔ ہمارا مقابلہ نوابزادہ مطلوب مہدی سے جو ایک خاندانی آدمی ہیں۔