جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیر صدارت ضلع جہلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اشتیاق، ایکسین ہائی وے قمر علی، پبلک انجینئرنگ، بلڈنگز، پراجیکٹ ڈائریکٹر جلالپور ایریگیشن کنال سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع جہلم میں جاری میگا پراجیکٹس لِلہ تا جہلم ڈیول کیرج وے، جلالپور ایریگیشن، ٹوبہ اور ڈی ایچ کیو ٹراما سنٹر کے قیام، قلعہ نندنہ کی تزئین و آرائش سمیت سالانہ ترقیاتی پروگرام، لوکل گورنمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی سکیموں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے لِلہ تا جہلم روڈ کے دو سیکشن بخاری چوک تا نتھوالہ، پنڈدادنخان تا للِہ انٹرچینج کو فروری تک اسفالٹ کر کے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈنگی پلی سٹرک، محمدی چوک اور ڈی آفس چوک کی سٹرک کی 15 دسمبر تک اسفالٹنگ شروع کی جائے، ٹراما سنٹر پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور ضلع جہلم میں جاری سکیموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیوریج اور واٹر سپلائی سکیموں پر خصوصی توجہ دی جائے اور مقررہ ٹائم لائن کے اندر پایا تکمیل تک پہنچایا جائے۔